نیو جرسی کے شہر میپل ووڈ میں قائم فیملی اونڈ پیزا شاپ ’’رومن گورمیٹ‘‘ نے اپنے علاقے میں کوئی بھی شخص بھوکا نہ رہے، اس عزم کے ساتھ ایک خوبصورت اقدام اٹھایا ہے۔ پیزا شاپ نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی فرد اپنا SNAP EBT کارڈ دکھائے گا، اُسے دو مفت پیزا سلائسز اور ایک سوڈا دیا جائے گا۔
رومن گورمیٹ کے مالک وِنی نے سوشل میڈیا ویڈیو میں کہا، ’’میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ رومن گورمیٹ ہمیشہ ضرورت مندوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ میپل ووڈ میں کوئی بھوکا نہیں رہے گا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی شخص کسی بھی وقت اپنا SNAP کارڈ دکھا کر یہ مفت پیشکش حاصل کر سکتا ہے۔
یہ اقدام اُس وقت سامنے آیا ہے جب وفاقی فوڈ بینیفٹس (SNAP) عارضی طور پر منجمد ہیں۔ نومبر کے فوائد کی تقسیم دو ججوں کے اُس فیصلے کے بعد رک گئی تھی جس میں ٹرمپ انتظامیہ کو اس پروگرام کے لیے ہنگامی فنڈ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔
This is the America I know.💛 pic.twitter.com/IxY7dmRZHk
— ᗰᗩƳᖇᗩ (@LePapillonBlu2) November 5, 2025
ماہرین کے مطابق، فنڈنگ جزوی طور پر بحال تو ہوگی مگر لوگوں کو ان کے معمول کے ماہانہ فوائد کا صرف 50 فیصد ہی ملنے کی توقع ہے۔ اس کے باوجود یہ رقم EBT کارڈ ہولڈرز تک پہنچنے میں کئی ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔
اس دوران، ’’رومن گورمیٹ‘‘ جیسے مقامی کاروبار کمیونٹی کی مدد کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔ وِنی کا کہنا ہے، ’’دن کے کسی بھی وقت آپ اپنا SNAP کارڈ لائیں، دکھائیں، اور دو پیزا سلائسز اور ایک سوڈا بالکل مفت حاصل کریں۔‘‘
