امریکہ کے مختلف حصوں میں شدید سرد موسم اور برف باری کے پیش نظر ہنگامی انتظامی اداروں نے بزرگ شہریوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ سردیوں کے دوران حادثات اور ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ وسمِ سرما سے متعلق حفاظتی رہنما اصولوں کے مطابق بزرگ افراد کو برف، پھسلن اور سماجی تنہائی جیسے خطرات کا زیادہ سامنا ہوتا ہے، جس کے باعث پیشگی تیاری اور خاندانی تعاون نہایت اہم ہے۔ حکام نے مشورہ دیا ہے کہ بزرگ شہری برف اور جما ہوا پانی خود صاف کرنے کے بجائے گھر کے افراد، دوستوں یا پڑوسیوں سے مدد حاصل کریں تاکہ فٹ پاتھ اور راستے محفوظ رہیں۔ برف سے ڈھکے راستے اور پھسلن والی سیڑھیاں سردیوں میں زخمی ہونے کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ گھروں کے باہر مناسب روشنی کا انتظام کیا جائے، خصوصاً راستوں اور سیڑھیوں کے قریب، تاکہ کم روشنی کے اوقات میں پھسلنے کا خطرہ کم ہو سکے۔

ماہرین کے مطابق سردیوں کے دوران خاندان اور دوستوں سے رابطہ برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ باقاعدہ فون کالز یا پیغامات نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتے ہیں بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کو یقینی بناتے ہیں۔

حکام نے یہ بھی تاکید کی ہے کہ اہم ہنگامی رابطہ نمبرز گھروں میں ٹیلی فون کے قریب نمایاں طور پر درج ہوں تاکہ ضرورت پڑنے پر فوراً رابطہ کیا جا سکے۔ وہ بزرگ افراد جو چھڑی، واکر یا وہیل چیئر استعمال کرتے ہیں، انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ گھر میں داخل ہونے سے پہلے ان کے سِروں یا پہیوں کو اچھی طرح خشک کر لیا جائے تاکہ پھسلن سے بچا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ سردیوں میں تحفظ صرف گرم رہنے تک محدود نہیں بلکہ درست تیاری، مسلسل رابطہ اور اجتماعی تعاون بھی اس کا لازمی حصہ ہیں۔ اہلِ خانہ اور نگہداشت کرنے والوں کو چاہیے کہ شدید موسم کے دوران اپنے بزرگ عزیزوں کا خاص خیال رکھیں۔
