جنوبی کیلیفورنیا میں مزید بارشیں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث نئے سال کا آغاز گیلی اور مرطوب صورتحال کے ساتھ ہونے جا رہا ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔نئے سال کے قریب آتے ہی سوال یہ ہے کہ اس تازہ طوفانی نظام سے کیا توقع کی جا سکتی ہے اور جنوری میں کتنی بارش ہوگی۔
طوفان کی صورتحال اور ٹائم لائن
محکمۂ موسمیات کے مطابق علاقے میں صبح کے ابتدائی اوقات تک ہلکی اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم نئے سال کی شام کے بعد بارش کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔بعض اوقات شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اس طوفان کے دوران چوبیس گھنٹوں میں ایک سے تین انچ تک بارش متوقع ہے۔ جمعرات کی دوپہر سے جمعہ تک بارش میں وقتی وقفہ آ سکتا ہے، تاہم گیلا موسم ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جو اتوار تک بتدریج کم ہو جائے گا۔

سیلابی الرٹ نافذ
بدھ کی رات دس بجے سے سیلابی نگرانی کا الرٹ نافذ کیا جائے گا، جو جمعرات کی رات دس بجے تک برقرار رہے گا۔ اس الرٹ کا اثر جنوبی کیلیفورنیا کے ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد افراد پر پڑے گا۔
نئے سال کی شام کا موسمی حال
لاس اینجلس اور اورنج کاؤنٹی میں بدھ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 68 ڈگری جبکہ کم سے کم 55ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ علاقے میں بارش کا امکان اسی فیصد ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بارش مزید پھیل سکتی ہے اور ایک سے دو انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔ وادیوں اور اندرونی علاقوں میں بدھ کے روز درجہ حرارت 67 ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت ترپن ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ بارش کا امکان50 فیصد ہے، جو یکم جنوری کو بڑھ کر80 فیصد ہو جائے گا، جہاں دو سے تین انچ تک بارش متوقع ہے۔ ساحلی علاقوں میں بدھ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 66 ڈگری اور کم سے کم 58 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ بارش کا امکان ستر فیصد ہے، جو جمعرات کو بڑھ کر اسی فیصد ہو جائے گا۔
پہاڑی علاقوں میں بدھ کے روز موسم خاصا سرد رہے گا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت48 ڈگری اور کم سے کم 28 ڈگری تک گر سکتا ہے۔ یہاں بارش کا امکان 60فیصد ہے، جبکہ بلند مقامات پر برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں۔ صحرا سے ملحقہ علاقوں میں بدھ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 58 ڈگری اور کم سے کم 42 ڈگری رہنے کا امکان ہے، جبکہ بارش کا امکان 40 فیصد بتایا جا رہا ہے۔ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت وسط سے بالائی پچاس ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
