.جے سی آئی المنائی کلب حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد جیم خانہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، اپنے خطاب میں محمد سعید شیخ نے کہا کہ ان کا سفر حیدرآباد میں جے سی آئی کے پلیٹ فارم سے شروع ہوا، جو آج بھی عالمی سطح پر انسانی خدمت کی صورت میں جاری ہے۔ بطور کوآرڈینیٹر، ڈیزاسٹر ریلیف، انہوں نے بڑے بحرانوں، خصوصاً پاکستان میں آنے والے سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور وسائل کو متحرک کیا۔ ہیوسٹن–کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے متعدد مؤثر منصوبوں کی قیادت کی، جن میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے آر او پلانٹس کی تنصیب، ہسپتالوں کو طبی سامان کی فراہمی، نوجوانوں کے لیے ترقیاتی پروگرامز، اور ہیوسٹن میں بین المذاہب افطار جیسے بڑے اجتماعات کا انعقاد شامل ہے، جو اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے مرحوم اشفاق سیٹھ کو ان کی سماجی خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا اور سید جاوید انور کی غیر مشروط اور مسلسل معاونت پر خصوصی شکریہ ادا کیا، جو انسانی خدمت کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ لگن، دیانتداری اور مستقل مزاجی کے ساتھ سماجی خدمات میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر صدر جے سی آئی المنائی کلب حیدرآباد ڈاکٹر نعیم میمن نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور محمد سعید شیخ کو مبارکباد دی۔ سینیئر جے سی آئی رہنما محمد ہاشم شیخ نے ان کے ساتھ طویل رفاقت اور خدمات پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ صدر حیدرآباد جیم خانہ ڈاکٹر آغا تاج محمد، اعزازی سیکرٹری انجینئر طارق بجاری، جے سی آئی ممبر اسلم خان دیسوالی اور محمد ہاشم شیخ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر پراجیکٹ چیئرمین امان اللہ قاسم نے خطبہ اختتامیہ پیش کیا، جبکہ رضوان احمد نے نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیے۔ تقریب میں شہر کی معروف شخصیات اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
